اظہارِ رائے کی آزادی کے عالمی دن کے موقعے پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے جاری پیغام میں کہاہےکہ اظہارِ رائے کی آزادی اور آزاد صحافت جمہوریت کا اہم ستون ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادی اظہار اور جمہوری اقدار کی بقاء کے لیے آواز بلند کی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہاہےکہ حکومت سندھ نے بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں صحافیوں کے حقوق کے لیے متعدد عملی اقدامات کیے، سندھ پہلا صوبہ ہے جس نے باقاعدہ طور پر صحافیوں کے تحفظ کا قانون منظور کیا اور سندھ انفارمیشن کمیشن کا قیام عوام کے حقِ معلومات کی جانب اہم پیش رفت ہے، صحافی ویلفیئر فنڈ کے ذریعے حکومت سندھ نے مستحق صحافیوں اور ان کے خاندانوں کی مالی مدد ممکن بنایا۔
ہم ان تمام صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے حق اور سچ کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دی، حکومت سندھ آزادیِ اظہار کی آزادی کے لئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے اور ہمیشہ کرتی رہے گی اور ہم ایک ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں ہر صحافی آزادی، تحفظ اور وقار کے ساتھ کام کر سکے، میڈیا کی آزادی، جمہوریت کی بقاء، اور عوام کی آواز ہی ہمارا مشن ہے، انکا کہناتھاکہ پاک بھارت کشیدگی اور جنگی حالات میں پاکستانی میڈیا نے ذمہ داری، بردباری اور قومی مفاد کو مقدم رکھا، سینئر صوبائی وزیر نے کہاکہ پاکستانی صحافیوں نے جنگی صورتحال میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے ثابت کیا کہ وہ صرف مبصر نہیں بلکہ قومی محافظ بھی ہیں، پاکستانی میڈیا نے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں اجاگر کیا، ملک کی سلامتی اور وحدت کے لیے میڈیا ہاؤسز نے حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم کی، ہمارے صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز نے دشمن کے پروپیگنڈے کے خلاف سچائی کی صف میں کھڑے ہو کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا، پاک بھارت جنگی ماحول میں جب دشمن نے جھوٹا بیانیہ پھیلانے کی کوشش کی، پاکستانی میڈیا نے سچائی کو مضبوطی سے عوام تک پہنچایا، میڈیا نے نہ صرف دشمن کی جھوٹی خبروں کا بھرپور جواب دیا بلکہ قوم کا حوصلہ بلند رکھا۔