کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 میں واقع ایک فلیٹ سے معروف ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش برآمد ہوئی۔ ڈی آئی جی جنوبی اسد رضا کے مطابق، پولیس کو سی بی سی کورٹ بیلف کی جانب سے غیر قانونی قبضے کے خلاف کارروائی کے دوران اطلاع ملی۔ فلیٹ کا دروازہ توڑ کر کھولا گیا تو اندر سے تقریباً چھ ماہ پرانی لاش ملی، جس کی شناخت حمیرا اصغر کے طور پر ہوئی۔
حمیرا اصغر گزشتہ 5 سال سے کرائے پر اس فلیٹ میں رہائش پذیر تھیں اور 10 ماہ سے کرایہ ادا نہیں کیا گیا تھا۔
پوسٹ مارٹم کے دوران مختلف سیمپل لیے گئے، تاہم لاش پر کسی قسم کے تشدد یا ہتھیار کے نشانات نہیں ملے۔
فریج میں موجود اشیاء کی ایکسپائری ستمبر 2024 کی تھی، اور ان کے فونز پر آخری رابطہ بھی اسی ماہ ہوا تھا۔
ڈی آئی جی کے مطابق، ابتدائی طور پر کوئی کرمنل ایکٹیویٹی ثابت نہیں ہوئی، تاہم تفتیش جاری ہے اور شواہد ملنے پر کارروائی کی جائے گ۔
حمیرا اصغر کی عمر 42 سال تھی، وہ فائن آرٹس کی طالبہ رہ چکی ہیں اور ان کے تین بہن بھائی ہیں۔
پولیس نے اہل خانہ سے رابطہ کیا، جو ابتدا میں راضی نہیں تھے، تاہم اب ان کا بھائی کراچی پہنچ رہا ہے۔ اگر اہل خانہ راضی نہ ہوئے تو باڈی کلچر ڈپارٹمنٹ کے حوالے کی جائے گی۔
یہ واقعہ شہر میں تنہا زندگی گزارنے والے افراد کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے۔ تفتیشی ادارے اس پراسرار موت کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔