خیرپور شوہر نے اپنی بیوی پر واٹس ایپ پر لگنے والے الزامات کے باعث شدید غصے میں آ کر اسے قتل کر دیا اور بعد میں خودکشی کرنے کی کوشش کی۔
خیرپور کے علاقے ڈبّر محلہ میں سلیم میتلو نامی شخص نے تیز دھار آلے سے اپنی بیوی (چھ بچوں کی ماں) کائنات کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔ قتل کے بعد ملزم نے خود پر بھی وار کیے تاکہ خودکشی کر سکے، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر خاتون کی لاش اور زخمی شوہر کو سول اسپتال خیرپور منتقل کیا۔ بعد میں زخمی کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے لاڑکانہ کے اسپتال بھیج دیا گیا۔ خاتون کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد اسے ورثا کے حوالے کر دیا گیا، اور گھر میں کہرام مچ گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، واٹس ایپ گروپ میں کسی فرد کی طرف سے ملزم کی بیوی کے بارے میں الزامات لگائے گئے تھے، جس پر مشتعل ہو کر اس نے یہ قدم اٹھایا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور آخری اطلاعات تک مقدمہ درج نہیں کیا گیا تھا۔