لاہور: محکمہ پرائس کنٹرول کے تحت اسٹریٹجک مینجمنٹ وِنگ قائم
لاہور (نمائندہ خصوصی) محکمہ پرائس کنٹرول نے مارکیٹ کی نگرانی اور پالیسی سازی کو مؤثر بنانے کے لیے اسٹریٹجک مینجمنٹ وِنگ قائم کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اس وِنگ کی نگرانی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پرائس کنٹرول کریں گی، جبکہ ابتدائی طور پر آٹھ ریسرچ افسران کو اس وِنگ میں تعینات کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اسٹریٹجک مینجمنٹ وِنگ اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد، مقامی و بین الاقوامی مارکیٹوں میں قیمتوں کے رجحانات سے متعلق معلومات فراہم کرے گا۔ اس کا بنیادی مقصد محکمہ کے تمام ذیلی اداروں کے ڈیش بورڈز اور پورٹلز کو یکجا کرنا ہے تاکہ ڈیٹا کا مؤثر استعمال ممکن ہو سکے۔
وِنگ پالیسی پلاننگ، ترجیحات کی تشکیل اور نئی حکمت عملیوں کے لیے سفارشات بھی تیار کرے گا۔ اس کے علاوہ محکمانہ کارکردگی، کمپلائنس اور کلیدی کارکردگی اشاریوں (KPIs) کی مسلسل نگرانی بھی اس وِنگ کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگی۔
ترجمان کے مطابق جدید ڈیجیٹل ٹولز کے استعمال سے وِنگ پالیسی سازی میں حقائق پر مبنی فیصلوں کو یقینی بنانے میں مدد فراہم کرے گا، جو کہ مارکیٹ میں استحکام اور صارفین کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم ہے۔