کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع میں عوامی اجتماعات، جلسے اور مظاہرے کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی عوامی مقام پر پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔
موٹرسائیکل پر ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم خواتین اور بچوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق بلوچستان بھر میں دفعہ 144 کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور یہ 31 جنوری تک برقرار رہے گا۔