اسلام آباد:
سپریم کورٹ میں 72 شوگر ملز کو جرمانے کے معاملے پر نظرثانی درخواست کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس سنا اور فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔ سماعت اگلی جمعرات تک ملتوی کر دی گئی۔
مسابقتی کمیشن کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے کیس کمیشن کے بجائے ٹریبونل کو ریمانڈ کیا ہے، چاہتے ہیں کہ آرڈر میں ٹریبونل کے بجائے کمیشن کو کیس سننے کے الفاظ شامل کیے جائیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اگر اپیل میں یہی استدعا ہے تو ہم آرڈر کر دیتے ہیں، تاہم تمام فریقین کو سن کر ہی فیصلہ کریں گے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ مسابقتی کمیشن میں کیسز سالوں سے زیر التوا رہتے ہیں۔ قبل ازیں چیئرمین کمیشن اور ایک ممبر نے شوگر ملز پر جرمانے عائد کیے تھے، جس کے خلاف درخواست گزاروں نے ٹریبونل سے رجوع کیا۔ ٹریبونل نے 90 روز میں دوبارہ سماعت اور فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی گئی