لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اے سی سی ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے لیے پاکستان ویمنز اے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 13 سے 22 فروری تک تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں کھیلا جائے گا۔
ایشیا کپ ٹی 20 فارمیٹ پر مشتمل ہوگا جس میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، یو اے ای اور نیپال کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، سری لنکا، ملائیشیا اور میزبان تھائی لینڈ شامل ہیں۔ ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
پی سی بی کے مطابق آف اسپن آل راؤنڈر اُمِ ہانی کو پاکستان ویمنز اے ٹیم کی کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ سینئر کھلاڑیوں میں وحیدہ اختر اور شوال ذوالفقار شامل ہیں، جبکہ انڈر 19 کپتان ایمان نصیر اور بلے باز کومل خان بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ یسرا عامر وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری نبھائیں گی۔
اسپن اٹیک میں انوشہ ناصر، مومنا ریاست، اُمِ ہانی اور نورین یعقوب شامل ہیں، جبکہ فاسٹ بولنگ اٹیک کی قیادت وحیدہ اختر کریں گی۔
پاکستان کا پہلا میچ 13 فروری کو نیپال کے خلاف ہوگا، 15 فروری کو بھارت کے خلاف اہم مقابلہ کھیلا جائے گا، اور 17 فروری کو پاکستان کا سامنا یو اے ای سے ہوگا۔ سیمی فائنلز 20 فروری اور فائنل 22 فروری کو شیڈول ہیں۔