اسلام آباد: حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 55،55 روپے اضافے کا اعلان

عرفان علی عرفان علی

 اسلام آباد: حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 55،55 روپے اضافے کا اعلان


اسلام آباد: حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 55،55 روپے اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے کی کشیدہ صورتحال اور ایران پر حملے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث یہ مشکل فیصلہ کرنا پڑا۔  


ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے جائزے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کمیٹی قائم کی گئی ہے، جو عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی کوشش کرے گی۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ مختلف ممالک سے رابطے جاری ہیں تاکہ خطے میں کشیدگی کم کی جا سکے۔  


وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ توانائی اور معیشت ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، اور عالمی سطح پر قیمتوں میں روزانہ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان میکرو اسٹیبلٹی کے حوالے سے بہتر پوزیشن میں ہے۔  


وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ یکم مارچ کو پیٹرول کی قیمت 78 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل کی قیمت 88 ڈالر فی بیرل تھی، جو اب نمایاں طور پر بڑھ چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے اور جیسے ہی صورتحال بہتر ہوگی، قیمتوں کو واپس اپنی سطح پر لایا جائے گا۔  

فیصلے کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔