افغان طالبان کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب، عالمی و افغان میڈیا کی رپورٹ

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

افغان طالبان کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب، عالمی و افغان میڈیا کی رپورٹ


کابل: افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاکستان کے خلاف اسپتال حملے میں 400 افراد کی ہلاکت کے دعوے کو عالمی اور افغان میڈیا نے جھوٹا اور من گھڑت قرار دے دیا۔ رپورٹس کے مطابق فضائی حملے کے دوران کسی بڑے جانی نقصان یا خون کے آثار نہیں ملے، نہ ہی تباہی کے نشانات پائے گئے۔

افغان میڈیا اداروں زویہ نیوز، افغان ٹائمز اور دیگر ذرائع نے واضح کیا کہ کسی بڑے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔ طالبان حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ حملہ بحالی مرکز پر ہوا، تاہم کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے۔ افغان میڈیا کے مطابق بحالی مرکز کے قریب لگی آگ معمولی نوعیت کی تھی، جو ممکنہ طور پر قریبی طالبان فوجی کیمپ پر حملے کے باعث لگی۔

اقوام متحدہ نے بھی طالبان کے 400 افراد کی ہلاکت کے دعوے کی تصدیق نہیں کی۔ افغان میڈیا ٹولو نیوز کی رپورٹر نے اسپتال میں موجود عینی شاہدین کے ذریعے پروپیگنڈا کو آشکار کیا، جن کے مطابق کابل سنٹرل اسپتال میں اس وقت صرف 15 زخمی زیر علاج ہیں۔

ماہرین کے مطابق طالبان رجیم کی جانب سے زمینی حقائق کے برعکس دعوے ان کی عبرتناک شکست اور ہزیمت کو چھپانے کی کوشش ہیں، جو گمراہ کن پروپیگنڈا کا واضح ثبوت ہے۔