کراچی، سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ذاکر علی خان فاؤنڈیشن کی جانب سے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو نقد انعامات کے چیک پیش کیے گئے۔ اس موقع پر چانسلر محمد اکبر علی خان نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی ایک نظریاتی ادارہ ہے جو معاشرے کو باصلاحیت اور ہنرمند افراد فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد ہے اور طلبہ کی شخصیت سازی میں یونیورسٹی کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ محترمہ ارم اکبر علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈگری محض کاغذ نہیں بلکہ ایک بڑی سماجی و قومی ذمہ داری ہے، اس لیے نوجوانوں کو علم، تحقیق اور عملی زندگی میں دیانت و لگن کو شعار بنانا ہوگا۔ رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی نے کہا کہ یہ انعامات طلبہ کی محنت اور غیر معمولی کامیابیوں کا اعتراف ہیں تاکہ وہ مستقبل میں بھی شاندار کارکردگی دکھاتے رہیں۔