کراچی: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس ساؤتھ کے زیرِ اہتمام سی ایم ایس گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کراچی میں "معرکہ حق" کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی رکنِ صوبائی اسمبلی لیاری محمد یوسف بلوچ تھے، جبکہ دیگر معزز مہمانان میں ڈائریکٹر ایلیمنٹری، سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن مرزا ارشد بیگ، چیئرمین ٹی ایم سی لیاری خلیل ہوت اور مختلف اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران شامل تھے۔
تقریب کے دوران طلباء و طالبات نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلوز پیش کیے جن میں افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مہمانوں کو سندھ کی ثقافتی پہچان اجرک بھی پیش کی گئی۔
مہمانِ خصوصی محمد یوسف بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک ناقابلِ تسخیر ملک ہے جس کی افواج پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں حاصل کی گئی ایٹمی طاقت کو پاکستان کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا۔
مرزا ارشد بیگ نے طلباء کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ کراچی تعلیمی معیار اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں اور اساتذہ کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔