غیر قانونی کنڈا کنکشنز کے خلاف اہلِ علاقہ کی آواز بلند

رباب ابراہیم رباب ابراہیم

غیر قانونی کنڈا کنکشنز کے خلاف اہلِ علاقہ کی آواز بلند

غیر قانونی کنڈا کنکشنز کے خلاف اہلِ علاقہ کی آواز بلند


کراچی: نارتھ ناظم آباد کے بلاک ایس کے مکینوں نے علاقے میں بجلی کی بڑے پیمانے پر ہونے والی چوری کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کے الیکٹرک سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔


رہائشیوں کے مطابق گھر نمبر A-237 اور A-217 کے قریب بجلی کے کھمبوں پر متعدد غیر قانونی کنڈا کنکشن لگائے گئے ہیں، جن کی وجہ سے بجلی چوری کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کا براہِ راست نقصان ان صارفین کو اٹھانا پڑ رہا ہے جو باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرتے ہیں۔


علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے باعث انہیں روزانہ 10 گھنٹے تک غیر منصفانہ لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس سے گھریلو زندگی، کاروبار، طلبہ کی تعلیم اور معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بجلی چوری نہ صرف ایماندار صارفین کے ساتھ زیادتی ہے بلکہ اس سے کے الیکٹرک کو بھی لاکھوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔


مکینوں نے بتایا کہ اس حوالے سے آئی بی سی کے جنرل منیجر کو باقاعدہ درخواست اور شواہد بھی جمع کرا دیے گئے ہیں، جس میں فوری کارروائی کی اپیل کی گئی ہے۔


اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی کنڈا کنکشنز کو فوری طور پر ختم کیا جائے، بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور بل باقاعدگی سے ادا کرنے والے صارفین کو بلا تعطل اور منصفانہ بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔


انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام اس اہم مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انصاف پر مبنی اقدامات کریں گے تاکہ ایماندار صارفین کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔