سندھ کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن اور اراکین کی نامزدگی کے لیے خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد
کراچی: وزیر برائے ترقی خواتین، سندھ شاہینہ شیر علی کی زیر صدارت سندھ کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن اور اراکین کی نامزدگی کے حوالے سے خصوصی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے مختلف اراکین نے شرکت کی اور نامزدگیوں کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اجلاس میں سیکریٹری محکمہ ترقی خواتین، چیئرپرسن سندھ ہیومن رائٹس کمیشن، رکن سندھ ہیومن رائٹس کمیشن، سیکریٹری سماجی بہبود محکمہ، اور سیکریٹری محکمہ قانون نے شرکت کی۔
اجلاس میں موصول شدہ درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور نامزدگیوں کے لیے حتمی سفارشات مرتب کی گئیں۔ کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ کمیشن میں ایسی شخصیات کو شامل کیا جائے جو خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی بہبود کے لیے موثر کردار ادا کر سکیں۔
یہ سفارشات وزیر اعلیٰ سندھ اور اپوزیشن لیڈر کو ارسال کی جائیں گی، جبکہ اراکین کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے بعد پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے کمیشن کی فعالیت اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
محکمہ ترقی خواتین کے مطابق، نامزدگیوں کا عمل مکمل شفافیت کے ساتھ کیا جا رہا ہے تاکہ ایک مضبوط اور موثر کمیشن تشکیل دیا جا سکے جو خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے۔