نوشہرو فیروز کے قریب کمسن بچے سے اجتماعی زیادتی کے بعد بے رحمانہ قتل، ایک ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

 نوشہرو فیروز کے قریب کمسن بچے سے اجتماعی زیادتی کے بعد بے رحمانہ قتل، ایک ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک


نوشہرو فیروز کے قریب کمسن بچے سے اجتماعی زیادتی کے بعد بے رحمانہ قتل، ایک ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک



نوشہرو فیروز دو روز قبل گاؤں طالب سولنگی کے رہائشی کمسن بچے خمیسو وگن کی لاش روہڑی کینال کے نوشہرو فیروز ریگولیٹر کے قریب ملی، جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان منور مغل اور عثمان مغل، جو آئس نشے کے عادی تھے، بچے کو ورغلا کر نامعلوم مقام پر لے گئے، جہاں اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی اور آری بلیڈ سے جسم کے ٹکڑے کر کے بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ بعد ازاں لاش کو نہر میں پھینک دیا گیا۔


مقتول کے والد عبدالغفار وگن کی مدعیت میں دو نامزد اور ایک نامعلوم ملزم کے خلاف اغوا، قتل اور زیادتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک ملزم منور مغل پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ پولیس کے مطابق پڈعیدن روڈ پر گشت کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ دو فرار ہو گئے۔


واقعے کے بعد علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور مقتول کے گھر میں کہرام برپا ہے۔ والد نے بتایا کہ ان کا بیٹا اسکول سے واپس آکر کپڑے بدل کر کھیلنے گیا تھا، جہاں منور مغل نے اسے ورغلا کر عرب کالونی لے جا کر زیادتی اور قتل کیا۔ والد نے مطالبہ کیا کہ باقی ملزمان کو بھی جلد گرفتار کیا جائے۔


ایس ایس پی میر روحل کوسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ واقعہ دل دہلا دینے والا ہے۔ ایک ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے جبکہ باقی دو کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کا خاص خیال رکھیں۔


علاقے میں یہ بھی افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ منور مغل کو پولیس نے ایک دن قبل ہی گرفتار کر لیا تھا، اور وہ پولیس کو مختلف مقامات پر لے جا کر گمراہ کرتا رہا۔ بعد ازاں اس نے اعتراف جرم کیا اور لاش کی نشاندہی کی، جس کے بعد مبینہ طور پر پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ ملزم عرب کالونی کا رہائشی اور آئس کا نشئی تھا، جس سے اہلِ محلہ سخت پریشان تھے۔