پاکستان انجینئرنگ کونسل نے تین اہم قومی کوڈز لانچ کر دیے
اسلام آباد: پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) نے گرین بلڈنگ، ڈرین واٹر ہارویسٹنگ اور تعمیراتی حفاظت و صحت کے تین قومی کوڈز جاری کر دیے ہیں۔ ان کوڈز کا مقصد ماحول دوست تعمیرات، پانی کے تحفظ اور مزدوروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
سیکریٹری سائنس و ٹیکنالوجی شاہد اقبال بلوچ نے کوڈز کا افتتاح کیا اور کہا کہ یہ اقدام پائیدار ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ان کے مطابق نئے کوڈز موسمیاتی اقدامات اور محفوظ روزگار کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔
شاہد اقبال بلوچ نے زور دیا کہ متعلقہ اداروں کی صلاحیت بڑھائے بغیر کوڈز پر مؤثر عملدرآمد ممکن نہیں، اور ان کا عملی نفاذ قومی ذمہ داری ہے۔
چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ یہ کوڈز انجینئرنگ شعبے میں بنیادی تبدیلی ثابت ہوں گے۔ ان سے عمارتوں کی کارکردگی اور معیار بہتر ہوگا، جبکہ پانی کے تحفظ اور تعمیراتی حفاظت کو بھی مضبوط بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کوڈز پر عملدرآمد وفاقی، صوبائی اور مقامی اداروں کی ذمہ داری ہے اور تمام اداروں کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ماہرین کے مطابق یہ کوڈز پاکستان میں تعمیراتی شعبے کو جدید، محفوظ اور ماحول دوست بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہیں۔