کراچی
سندھ حکومت کے ترجمان اور میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وہ آج وزیراعلیٰ سندھ پبلک کمپلینٹ سیل میں موجود ہیں، جہاں ایک جدید، مربوط اور شفاف نظام کے تحت عوامی شکایات کو باقاعدہ درج کر کے فوری طور پر متعلقہ اداروں تک پہنچایا جا رہا ہے، تاکہ ان کا بروقت اور مؤثر ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے عوام دوست وژن اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی متحرک قیادت کا مظہر ہے، جس کے تحت حکومتی مشینری کو مکمل طور پر عوامی خدمت کے لیے متحرک کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمپلینٹ سیل درحقیقت ایک ایسا مؤثر گورننس ماڈل ہے جو ریاست اور شہریوں کے درمیان فاصلے کم کر کے اعتماد کی نئی فضا قائم کر رہا ہے۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے دوران سندھ بھر میں پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر اس کمپلینٹ سیل کو مزید فعال بنایا گیا ہے، جہاں کراچی، حیدرآباد، سکھر اور دیگر اضلاع سے موصول ہونے والی شکایات — جن میں نکاسی آب، سیوریج، پانی کی فراہمی، سڑکوں کی بحالی، صفائی ستھرائی، بجلی کی فراہمی اور دیگر بلدیاتی مسائل شامل ہیں — کو نہایت سنجیدگی کے ساتھ ہنگامی بنیادوں پر نمٹایا جا رہا ہے۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایات کے تحت قومی و صوبائی اسمبلی کے معزز اراکین (ایم این ایز و ایم پی ایز) اور حکومتی ترجمانوں کی روزانہ کی بنیاد پر ڈیوٹیاں مقرر کی گئی ہیں، تاکہ وہ خود کمپلینٹ سیل میں موجود رہ کر عوامی مسائل سنیں اور ان کے فوری حل کو یقینی بنائیں۔ یہ اقدام عوامی نمائندوں اور شہریوں کے درمیان براہ راست رابطے کو مضبوط بنانے کی ایک مؤثر کاوش ہے۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے واضح کیا کہ کمپلینٹ سیل کو ایک ون ونڈو سہولت کے طور پر استوار کیا جا رہا ہے، جہاں شہریوں کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے ایک ہی پلیٹ فارم پر فوری رسائی اور رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شکایت کو نہ صرف ریکارڈ کیا جا رہا ہے بلکہ اس کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے تاکہ مسئلے کے مکمل حل تک عمل جاری رہے۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ یہ نظام عوامی مسائل کے فوری حل کے ساتھ ساتھ ایک جوابدہ اور ذمہ دار حکومتی ڈھانچے کو فروغ دے رہا ہے، جہاں ہر متعلقہ ادارہ اپنی کارکردگی کے حوالے سے براہ راست جوابدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت، تحفظ اور ریلیف کو اولین ترجیح بناتے ہوئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے واضح کیا کہ تمام متعلقہ سرکاری اداروں، افسران اور فیلڈ ٹیموں کو سختی سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ عوامی شکایات کو اولین ترجیح دی جائے اور ان کے حل میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ غفلت، سستی یا عدم توجہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اس پورے نظام کی خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ کمپلینٹ سیل محض ایک انتظامی اقدام نہیں بلکہ عوامی خدمت کے ایک جامع وژن کا عملی اظہار ہے، جس کے ذریعے ہر شہری کو یہ یقین دلایا جا رہا ہے کہ اس کی آواز نہ صرف سنی جا رہی ہے بلکہ اس پر فوری عمل بھی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان ایک مضبوط، قابلِ اعتماد اور براہ راست رابطہ قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور حالیہ بارشوں کے تناظر میں پیدا ہونے والے تمام مسائل کے فوری اور پائیدار حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔