کراچی: سندھ انسداد پولیو پروگرام نے نجی اسکولوں کے نمائندگان اور محکمۂ تعلیم کے اشتراک سے ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس منعقد کیا، جس کا مقصد کراچی میں آئندہ پولیو بوسٹر ڈوز مہم کے لیے تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
اجلاس کی صدارت انسداد پولیو پروگرام سربراہ شہریار میمن نے کی، جبکہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر کی مرکزی ٹیم کے علاوہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، پاکستا پیڈریاٹرک ایسوسی ایشن، یونیسف، ورلڈ ہیلتھ ارگنائیزیشن، اور گیٹس فاونڈیشن کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شہریار میمن نے پولیو کے خاتمے میں اساتذہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اساتذہ والدین میں آگاہی پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا، “اساتذہ معاشرے کی قابلِ اعتماد آواز ہیں، ان کی رہنمائی والدین کو یہ سمجھانے میں مدد دے سکتی ہے کہ پولیو ویکسین محفوظ، مؤثر اور ہر بچے کے لیے ضروری ہے۔” انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شہری مسائل کے باوجود بچوں کی ویکسینیشن کا عمل ہرگز نہیں رکنا چاہیے اور آخری مرحلے میں کامیابی کے لیے اساتذہ کا تعاون ناگزیر ہے۔
یہ خصوصی پولیو بوسٹر ڈوز مہم کراچی کے 89 یونین کونسلز میں 12 سے 25 مئی تک جاری رہے گی، جس میں 10 سال تک عمر کے تقریباً 18 لاکھ بچوں کو ہدف بنایا گیا ہے۔ اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ قانون کے مطابق ویکسینیشن لازمی ہے، جبکہ اسکولوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ والدین کو مہم کی تاریخوں سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی خطوط فراہم کریں۔
اجلاس کے دوران شرکاء کو جیٹ انجیکٹرز کا عملی مظاہرہ بھی دکھایا گیا، جو ویکسین کی محفوظ اور جدید فراہمی کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
معروف ماہرِ اطفال ڈاکٹر خالد شفیع، جو نیشنل امیونائزیشن ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کے رکن بھی ہیں، نے والدین پر زور دیا کہ وہ غلط معلومات کو مسترد کریں اور ویکسین اور پولیو ٹیموں پر مکمل اعتماد کریں۔
نجی اسکولز کی نمائندگی کرتے ہوئے مسز رافعہ ملاح نے ای او سی سندھ کا شکریہ ادا کیا اور اساتذہ کی جانب سے مہم میں بھرپور تعاون کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ والدین تک مؤثر پیغام پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
سیکرٹری تعلیم مسٹر زاہد علی عباسی نے محکمۂ صحت اور انسداد پولیو پروگرام سندھ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی قائم ہو چکی ہے، جو اس مہم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے پولیو بوسٹر ڈوز مہم کی بھرپور حمایت اور ہر بچے تک رسائی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔