کراچی کا علاقہ لی مارکیٹ

عمران عمران

کراچی کا علاقہ لی مارکیٹ


کراچی کا علاقہ لی مارکیٹ... جہاں پیر کی شام ایک چراغ بجھ گیا۔ چھ سالہ معصوم محمد ولی، جو گھر سے ایک چھوٹی سی خوشی یعنی 'چیز' لینے نکلا تھا، پھر کبھی لوٹ کر نہ آیا۔ ایک معصوم بچپن، جسے ابدی نیند سلا دیا  گیا۔ 

کراچی کےپنجابی محلے کی ان ہی گلیوں میں پیر کی شام اندھیرا چھا گیا۔ چھ سال کا ولی مسکراتا ہوا گھر سے نکلا۔ کسے معلوم تھا کہ یہ معصوم قدم موت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ گھنٹے گزرے، دن ڈھلا، ولی نہ ملا۔

اہلِ خانہ کی امیدیں دم توڑنے لگیں تو پولیس سے رجوع کیا گیا۔ مقدمہ درج ہوا، تلاش شروع ہوئی۔ مگر منگل اور بدھ کی درمیانی شب، امید کا آخری دھاگا بھی ٹوٹ گیا۔ اسی علاقے سے، ایک بوری ملی... جس میں بند تھا ننھے ولی کا بے جان جسم۔

مظلوم خاندان کا شک یقین میں بدل گیا۔ سفاکیت کی یہ لکیر کہیں دور سے نہیں، پڑوس سے ہی ابھری تھی۔ قانون حرکت میں آیا اور ملزم کو  دھر لیا گیا۔

ولی اب اس دنیا میں نہیں ہے۔ گلی کا وہ موڑ اب کبھی اس کے قدموں کی آہٹ نہیں سنے گا۔ ملزم قانون کی گرفت میں ہے، مگر سوال یہ ہے کہ کیا سخت ترین سزا اس اجڑے ہوئے آنگن کو اس کا ولی لوٹا سکے گی؟