کراچی: محکمہ موسمیات نے سندھ میں 31 جولائی سے 2 اگست کے دوران مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔ ترجمان کے مطابق اس عرصے کے دوران کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور نوابشاہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث سندھ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کی وجہ سے بجلی کے کھمبوں اور کچے مکانات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب صوبائی حکومت نے تمام متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے۔