بلوچستان کے شہر سوئی کو جدید اور مثالی بنانے کے لیے صوبائی حکومت نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے سوئی ماسٹر پلان پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو اعلیٰ معیار کے مطابق اور مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ فیز ون کے تحت علاقے میں سڑکوں کی تعمیر، سیوریج سسٹم، کھیل کے میدان، اسٹیڈیم اور جدید بس ٹرمینل کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ تعمیراتی کاموں میں ناقص مواد کے استعمال پر صفر برداشت کی پالیسی ہوگی اور خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ان کا عزم ہے کہ سوئی کی حالیہ ترقی پچھلے 50 سال کے مقابلے میں بالکل مختلف اور نمایاں نظر آئے گی۔