کراچی میں مون سون بادلوں کا ڈیرہ۔ آج سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان۔گزشتہ چوبیس گھنٹے میں گلشن حدید میں بارش نے ملی میٹر میں سنچری عبور کرلی۔ موسم کا حال بتانے والوں نے کراچی میں پھر کھل کر بادل برسنےکی نوید سنادی۔ محکمہ موسمیات کےمطابق ہوا کے کم دبائو کا سسٹم بالائی سندھ میں داخل ہوچکا ہے ۔اس سسٹم کے تحت شہر میں آج سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں سب سے زیادہ ایک سو دو ملی میٹر بارش گلشن حدید میں ہوئی۔ صدر میں ساٹھ،قائد آباد میں انچاس،یونیورسٹی روڈ پر چوالیس اعشاریہ سات،گڈاپ میں سینتیس اعشاریہ چار، سعدی ٹاون میں تیس اعشاریہ ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔ کورنگی میں چوبیس اعشاریہ سات، جناح ٹرمینل پر اکیس اعشاریہ چار، ائرپورٹ کے اطراف میں انیس اعشاریہ ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔