بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سٹی کونسل ہال میں ایک سو اکیس مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے حلف اٹھایا۔
مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان نے پارٹی قیادت کے حق میں نعرے لگائے۔
ہال میں لگے پنکھے خراب ہونے سے سخت گرمی میں ارکان پسینے میں بھیگ گئے۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سٹی کونسل ہال میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے کمشنر کراچی اقبال میمن نے حلف لیا۔
تقریب حلف برداری کے دوران گرما گرمی بھی دیکھنے میں آئی۔ پیپلز پارٹی ،جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے امیدوار آمنے سامنے آگئے۔
ارکا ن نے شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کا عملہ بھی موجود نہیں تھا۔
تقریب تو سجالی گئی، لیکن سٹی کونسل میں نا ہی ائرکنڈیشن ہے،، اور جو پنکھے لگے ہیں وہ بھی خراب ہیں۔
شدید گرمی میں کونسل ارکان کے پسینے چھوٹ گئے۔
خواتین، یوتھ ، لیبر، اقلیتی اور خواجہ سرا کے کوٹے میں سے پیپلز پارٹی کو اکیاون،جماعت اسلامی کو تینتالیس ، پی ٹی آئی کو بیس ،ن لیگ کو چھ اور جے یو آئی کو ایک نشست ملی ہے۔ کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی تین سو سڑسٹھ سیٹوں میں سے پیپلز پارٹی کی ایک سو پچپن ، جماعت اسلامی کی ایک سو تیس، پی ٹی آئی کی باسٹھ ،ن لیگ کی چودہ ، جے یو آئی کی چار اور ٹی ایل پی کی ایک نشست ہے۔