چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی میئر کراچی منتخب ہونے پر مرتضیٰ وہاب کو مبارک باد۔کہا شہر میں نفرت اور تقسیم کی سیاست انجام کو پہنچی۔ گلی، محلے کی سطح پر عوامی مسائل حل کریں گے۔ سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے جیالے منتخب نمائندے آج سے ہی کام شروع کردیں۔ پارٹی کا آج جشن فتح منانے کا اعلان۔ آتش بازی کا مظاہرہ بھی ہوگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے آج پیپلز پارٹی کو ایک تاریخی کامیابی ملی ہے،، جو جیالوں کی طویل جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے۔ ملک کے معاشی حب میں نفرت اور تقسیم کی سیاست اپنے منطقی انجام کو پہنچی۔ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔شہرِ قائد کو حقیقی معنوں میں عروس البلاد بنائیں گے۔ کراچی اب ترقی، امن اور بھائے چارے کا گہوارہ بنے گا۔ سابق صدر آصف زرداری نے بھی مرتضی وہاب سمیت سندھ بھر میں کامیاب پیپلز پارٹی کے میئرز، ڈپٹی میئرز اور چیئرمنز کو مبارک باد پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کامیاب بلدیاتی نمائندے اپنے دفتروں کے دروازے عوام کے لئے کھول دیں،، اور آج بھی اپنا کام شروع کردیں۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی نےآج شام ساڑھے سات بجے بلاول ہائوس چورنگی، کلفٹن پر جشن فتح منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔