کراچی پریس کلب مظاہرہ

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

کراچی پریس کلب مظاہرہ

کراچی  سینئر صحافی شہید جان محمد مہر کے قاتل گرفتار نہ ہونے کے خلاف سندھ جرنلسٹس کائونسل کی جانب سے جاری احتجاج کے تیسرے روز بھی کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کرکے دھرنا دیا گیا جس میں بڑی تعداد میں صحافی برادری ، وکلاء  اور سیاسی سماجی رہنمائوں نے شرکت کی۔ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے

سندھ جرنلسٹس کائونسل کے مرکزی صدر قاضی ذوالفقار، غازی جھنڈیر،  وحید راجپر، وکیل رہنما غلام رسول سوھو،پاکستان خاصخیلی اتحاد کے سینئر نائب صدر محمد یعقوب خاصخیلی ، ملیر پریس کلب کے صدر مرتضیٰ چانڈیو، حنیف سومرو ،سامی میمن، وحید سیال، اسلم حیدر سولنگی ودیگر نے کہا کہ سینئر صحافی شہید جان محمد مہر کو قتل ہوئے 38 روز ہو چکے ہیں مگر ابھی تک قاتل گرفتار نہیں ہو سکے۔

شہید کے قتل کے خلاف صحافی برادری سمیت سیاسی سماجی رہنما سندھ بھر میں سراپا احتجاج ہیں مگر سندھ حکومت جھوٹے دلاسے دینے کے علاوہ کچھ بھی اقدام نہیں اٹھا رہی۔


ان کا مزید کہنا ہے کہ نگران وزیر داخلہ جان محمد مہر کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کیلئے دریا کا پانی خشک ہونے کا انتظار کررہے ہیں جو کہ انتہائی شرمناک عمل ہے۔  شہید جان محمد مہر کے قتل کے خلاف صحافی برادری، وکلاء اور سول سوسائٹی

سڑکوں پر سراپا احتجاج ہے مگر سندھ حکومت اور پولیس کو اسکی کوئی پروا نہیں اور وہ خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔ ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے اگر جان محمد مہر کے قاتل گرفتار نہ ہوئے تو کراچی پریس کلب سے وزیراعلیٰ ہائوس اور آئی جی آفس تک احتجاجی ریلی نکال کر وہاں دھرنا دینگے،


جب تک شہید جان محمد مہر کے قتل میں ملوث تمام ملزمان گرفتار نہیں ہونگے ہمارا دھرنا جاری رہے گا۔ دھرنے سے فیاض نائچ ، منظور سولنگی، خلیل احمد شاہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔