کراچی روزنامہ دنیا کراچی سے جبری برطرف کئے گئے ملازمین کی بحالی کیلئے کراچی پریس کلب کے سامنے چوتھے روز پیر کو احتجاجی کیمپ لگایا گیا ۔
احتجاجی کیمپ میں موجود شرکا سے روزنامہ دنیا کے سابق چیف رپورٹر عابد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت 40 سے زائد ملازمین کو ایک گھنٹے کے اندر نوکریوں سے فارغ کردیا گیا۔ انہوں نے 4سو خاندانوں کو فاقہ کشی کرنے پر مجبور کیا ہم اپنے حقوق کیلئے میدان میں آئے ہیں اور ہر محاذ پر لڑیں گے ۔
احتجاجی کیمپ سے پاکستان تحریک انصاف سندھ کے نائب صدر رضوان خانزادہ نے جبری برطرف کئے ملازمین کو یقین دہانی کروائی کہ پی ٹی آئی انہیں قانونی ٹیم سمیت ہر فنانشل سپورٹ کرنے کو تیار ہے ۔
انہوں نے روزنامہ دنیا کے مالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈریں اس دن سے جب کسی غریب کی بد دعا لگے اور آپ کا چولہا بند ہو جائے اسلئے فوری طور پر ملازمین کو بحال کردیں ۔
اس موقع پر پی ایف یو جے دستور کے سیکرٹری جنرل اے ایچ خانزادہ نے کہا کہ ہم روزنامہ دنیا سے برطرف کئے گئے ملازمین کے ساتھ کھڑے ہیں اور انکی بحالی تک جدوجہدجاری رہے گی ۔
انہوں نے حکمرانوں سے کہا کہ وہ فوری نوٹس لیں اور روزنامہ دنیا کے ملازمین کو بحال کروائیں اور کرپٹ سابق میئر میاں عامر کے خلاف سخت کارروائی کریں ۔
پی ایف یو جے برنا گروپ کے رہنما شاہد غزالی نے کہا کہ میں دنیا نیوز میں تھا میاں عامر نے بڑے بڑے دعوی کئے تھے کہ صحافیوں کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دونگا اور اب انہوں نے ہی
صحافیوں کا معاشی قتل شروع کیا ۔انہوں نے کہا کہ فوری طور پر جبری برطرف کئے گئے ملازمین کو بحال کریں ۔اس موقع پر پاکستان قومی محاذ آزادی کے رہنما ایڈووکیٹ صادق جارچوی نے کہا کہ سرمایہ دار ہمیشہ مزدوروں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالتے ہیں میاں عامر ایک سرمایہ دار ہے انکے خلاف جدوجہد
جاری رکھیں ہم آپ کا ساتھ دین گے ۔
اس موقع پر روزنامہ دنیا سے برطرف کئے گئے ملازمین کے کو آرڈینیٹر شمس کیریو نے کہا کہ میاں عامر کو کراچی کے صحافیوں کو تب پتا چلے گا جب آنے گھر کے سامنے احتجاجی کیمپ لگائے جائین گے ۔انہوں نے کہا کہ ایک کرپٹ سابق میئر نے سرکاری خزانے سے پیسے کما کر نیب اور اینٹی کرپشن کی تحقیقات سے بچنے کے لئےمیڈیا کا سہارا لیا ہے اور اب جب کرپشن کے پیسے ہضم کرلئے ہیں تو صحافیوں کا معاشی قتل کر کے انہیں نوکریوں سے فارغ کر رہے ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ فوری طور پر جبری برطرف ملازمین کو بحال کریں ۔ اس موقع پر دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ۔احتجاجی کیمپ میں روزنامہ دنیا کے سابق ڈپٹی چیف رپورٹر حنیف اکبر ،پیپ کے صدر جمیل احمد ، کاشف حسین سمیت دیگر نے شرکت کی۔