وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے چارج سنبھالتے ہی امان وامان پر اجلاس بلالیا۔ اسٹریٹ کرائم کے خاتمے، منشیات کی روک تھام اور کچے میں جرائم پیشہ افراد کو کنٹرول کرنے کو اپنی ترجیحات قرار دے دیا۔ آئی جی سندھ نے پولیس افسروں کو احکامات پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کردیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی زیرصدارت امان وامان پر اجلاس میں ڈی جی رینجرزسندھ ،آئی جی سندھ، چیف سیکرٹری اور مختلف زونز کےڈی آئی جیز شریک ہوئے۔ وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا آج سے پانچ ، چھ ماہ پہلےامن وامان کی صورتحال اتنی اچھی نہیں تھی۔ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کاذمہ دارہم کسی کونہیں کہہ سکتے۔اس کی روک تھام ہماری ذمہ داری ہے۔ منشیات کی روک تھام کے لیےہم کردار ادانہیں کرسکے۔کچے کےعلاقوں میں مسائل ہیں ۔ ان کوحل کرنےکی ضرورت ہے۔ آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نےاجلاس کے بعد پولیس افسران کا اجلاس بلالیا۔ اسٹریٹ کرائم میں کمی لانے اور کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف موثر ایکشن لینے کی ہدایت۔ کہا تھانوں میں نفری بڑھانے،بازاروں اور سڑکوں پر گشت میں اضافہ کیا جائے۔ اسلحے کی نمائش اور غیر قانونی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی اور تمام ہائی ویز پر غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کا حکم دے دیا۔ فلیش اور پولیس لائٹس فروخت اور استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی ایکشن لینے کی ہدایت دے دی۔