حافظ نعیم الرحمان پس منظر سے پیش منظرتک

عرفان علی عرفان علی

 حافظ نعیم الرحمان پس منظر سے پیش منظرتک

 

  جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمن امیر جماعت اسلامی  پاکستان منتخب ہوگئے۔ وہ گزشتہ دس سال  سے امیر جماعت اسلامی کراچی  کی ذمہ داریاں نبھارہے تھے۔

یکم دسمبر انیس سو بہتر میں حیدر آباد کے ایک مڈل کلاس خاندان میں آنکھ کھولنے والے حافظ نعیم الرحمان ۔۔ پرائمری کی تعلیم نور اسلام اسکول لطیف آباد اور سیکنڈری کی تعلیم علامہ اقبال اسکول لطیف آباد سے مکمل کی اور انیس سو نواسی میں میٹرک کرنے کے بعد کراچی آگئے اور انیس سو  اکیانوے میں گورنمنٹ کالج شپ اورنرز کالج سے پری انجینئرنگ میں انٹرمیٹ کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا ۔۔ جامعہ این ای ڈی کے شعبہ سول انجینئرنگ میں داخلہ لیا اور انیس سو چھیانوے میں بی ای کی ڈگری حاصل کی ، حافظ نعیم الرحمان نے دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ چودہ سال کی عمر میں قرآن کریم حفظ کیا اور انیس سو نناوے میں اسلامک ہسٹری میں ایم اے کی ڈگری بھی حاصل کی ۔

حافظ نعیم الرحمان انیس سو اٹھاسی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے منسلک ہوئے ۔

 انیس سو ترانوے میں انہیں جامعہ این ای ڈی کا ناظم مقرر کیا گیا ۔۔ انیس سو چورانوے سے انیس سو اٹھانوے تک وہ اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم اعلیٰ رہے ،،حافظ نعیم الرحمان انیس سو اٹھانوے سے سن دو ہزار تک دو مرتبہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ منتخب ہوئے ۔۔ سن دو ہزار میں وہ جماعت اسلامی کا حصہ بن گئے ۔

حافظ نعیم الرحمان دو ہزار سات سے دو ہزار دس تک جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری جنرل اور سن دوہزار دس سے سن دو ہزار تیرہ تک نائب امیر جماعت اسلامی کراچی کے عہدے پر فائر رہے ،، جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ نے حافظ نعیم الرحمان کو سن دو ہزار تیرہ  میں امیر جماعت اسلامی کراچی منتخب کیا  ۔۔ حافظ نعیم الرحمن گزشتہ دس سال سے مسلسل اس عہدے پر فائز  رہے۔

حافظ نعیم الرحمان سن دو ہزار تیرہ سے تاحال جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر بھی ہیں ، پچاس سالہ حافظ نعیم الرحمان چار بھائیوں اور تین بہنوں میں سب سے چھوٹے ہیں اور ان کا خاندان اہلیہ اور چار بچوں پر مشتمل ہے۔15جنوری 2023کو کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں نارتھ ناظم آباد ٹاون،یو سی سیون سے   چیئرمین منتخب ہوئے اور کراچی سٹی کونسل میں  قائد حزب اختلاف  بنے۔8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں حافظ نعیم الرحمان نے کراچی سے سندھ اسمبلی کے  حلقہ  پی ایس 129    سے کامیابی حاصل کی، لیکن  رکنیت کا  حلف نہیں اٹھایا۔