حکومت سندھ کا صوبہ بھر میں موٹر وہیکل انسپیکشن سینٹرز ایک ہفتے کے اندر فعال کرنے کا فیصلہ۔سکھر کے راستے سندھ میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کی لازمی انسپیکشن کی جائے گی۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ شرجیل میمن نے ہدایت کی روڈ سیفٹی کے قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے ایک ہفتے کے اندر ایم وی آئی سینٹرز کو فعال کیا جائے۔ سینئر صوبائی کا کہنا تھا کراچی میں گلبائی میں دو جبکہ بنارس اور کورنگی ایک،ایک موٹر وہیکل انسپیکشن سینٹرز بنائے جارہے ہیں۔سکھر، میرپورخاص، حیدرآباد اور شہید بینظیر آباد میں ایک ایک سینٹر قائم کیا جائے ہے۔ شرجیل میمن نے بتایا سکھر کے راستے سندھ میں داخل ہونے والی گاڑیوں کا لازمی موٹر وہیکل انسپیکشن ہوگا، تاکہ دیگر صوبوں سے آنے والی غیر معیاری گاڑیوں کی روک تھام کی جا سکے۔معائنہ کے عمل میں شفافیت یقینی بنائیں گے ۔ ناقص اور غیر معیاری گاڑیوں کے خلاف کارروائی کو مزید موثر بنانے کے لئے مزید سخت اقدامات پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں کمرشل اور نان کمرشل گاڑیوں کی موٹر وہیکل انسپکشن فیس کا بھی جائزہ لیا گیا۔
۔۔