سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں یوم تشکر منایا گیا

عدنان اطہر عدنان اطہر

سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں یوم تشکر منایا گیا


کراچی: 

سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی نے جمعہ کو قومی جذبے اور فخر کے ساتھ یوم تشکر منایا۔



یہ تقریب یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس کی صدارت قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر زاہد علی چنڑ نے کی۔ 


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر زاہد علی چنڑ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف بھارت کے رافیل جنگی طیارے مار گرائے بلکہ انہوں نے بھارت کی نام نہاد بالادستی اور غرور کو بھی تباہ کر دیا کیونکہ وہ پاکستان سمیت اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے خلاف کارروائیاں کر رہا تھا۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی مسلح افواج کے ہیروز کے کامیاب جواب، شاندار ملکی سفارت کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بھارت پر فتح حاصل کی اور اسے دنیا میں تنہا کر دیا۔ ڈاکٹر زاہد علی چنڑ نے کہا کہ دنیا نے پاکستان کی حمایت کی اور بھارتی بیانیہ کو مسترد کیا۔


انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جیت نے دنیا کے جنگی تصورات کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جنہوں نے ملک کو دشمنوں سے بچایا۔ اس جنگ نے پاکستان کے لیے متعدد مواقع بھی پیدا کیے ہیں، اس لیے ہمیں ان مواقع کو دیکھنا ہوگا اور ان سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ 

ڈاکٹر چنڑ کا کہنا تھا کہ بھارت نے جنوبی ایشیا کا اسرائیل بننے کی کوشش کی لیکن پاکستان کی مسلح افواج نے اس کا ایسا گھناؤنا خواب چکنا چور کر دیا اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان خطے میں امن اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر کا حل چاہتا ہے۔ 


تقریب میں یونیورسٹی کے سیکشنل ہیڈز، فیکلٹی، افسران، اسٹاف اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ 


قبل ازیں طلباء نے تقاریر کیں اور ملی نغمے پیش کیے۔ تقاریر میں انہوں نے حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کی فتح پر قوم کو مبارکباد دی۔ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی  کے طلباء کا کہنا تھا کہ اس جنگی واقعہ کے بعد کوئی بھی پاکستان کے خلاف سوچنے کی جرات نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے فضائیہ کے ہیروز کو سلام پیش کیا جنہوں نے ہندوستان کو جنگ بندی قبول کرنے پر مجبور کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج نے دشمن کے مقابلے میں اپنے قومی جذبے، طاقت اور بہادری کا مظاہرہ کر کے ثابت کر دیا کہ وہ ملک و قوم کے خلاف کسی جارحیت کو برداشت نہیں کر سکتے۔ 


بعدازاں ڈاکٹر زاہد علی چنڑ، وائس چانسلر کے مشیر برائے اکیڈمکس ڈاکٹرعبدالحفیظ خان، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئر محمد نعیم احمد، رجسٹرار غلام مصطفیٰ شیخ اور دیگر نے پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی جس کا اہتمام ایس ایم آئی یو نے اپنی مین بلڈنگ میں کیا تھا۔