کراچی کی بیس مصروف شاہراہوں پررکشوں کےداخلے پرپابندی عائد۔ دو شاہراہوں پر ہر طرح کے رکشے جبکہ اٹھارہ پر فور پلس ون سیٹر رکشوں کے داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔
کمشنر آفس سے جاری نوٹیفکیشن کےمطابق شارع فیصل پر آواری ٹاور سگنل سے میڈم اپارٹمنٹس تک کوئی رکشہ داخل نہیں ہو سکے گا۔ آئی آئی چندریگر روڈ پرٹاور سے شاہین کمپلیکس تک رکشوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ دیگر اٹھارہ سڑکوں پر فور پلس ون سیٹر رکشوں پر پابندی عائد ہو گئی۔ شاہراہ قائدین، شیرشاہ سوری روڈ، شہید ملت روڈ، عبداللہ ہارون روڈاور دو تلوار سے شارع فردوسی ، اسٹیڈیم روڈ، سر شاہ سلمان روڈ، راشد منہاس روڈپر فور پلس ون سیٹر رکشے داخل نہیں ہوسکیں گے۔ اسی طرح ماڑی پور روڈ، شاہراہ پاکستان، حب ریور روڈ، قائد آباد سے لانڈھی،یونیورسٹی روڈ، کورنگی روڈ، اورنگی روڈ، سپر ہائی وے سے ملیر ہالٹ اور سرجانی سے سہراب گوٹھ فور پلس ون سیٹر رکشوں پر پابندی ہوگی۔ یہ پابندی دو ماہ کے لئے نافذ العمل ہوگی۔ پابندی کی خلاف ورزی پر دفعہ ایک سو چوالیس کےتحت مقدمہ درج ہوگا۔ کمشنر کراچی کی جانب سے گزشتہ ماہ بھی شہر کی گیارہ سڑکوں پر رکشوں کے داخلے پر پابندی عائد گئی تھی۔