دریائے راوی میں 39 سال بعد بڑا سیلابی ریلا

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

دریائے راوی میں 39 سال بعد بڑا سیلابی ریلا

دریائے راوی میں 39 سال بعد بڑا سیلابی ریلا، پی ڈی ایم اے کی نگرانی جاری

لاہور – ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق دریائے راوی میں 39 سال بعد ایک بڑا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔ یہ ریلا آج رات شاہدرہ کے مقام سے گزرے گا، تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ اس سے کسی بڑی تباہی کا خدشہ نہیں ہے۔

اس وقت یہ ریلا خانکی کے مقام سے گزر رہا ہے اور چند گھنٹوں میں خانکی ہیڈ ورکس سے بھی گزر جائے گا۔ دوسری جانب دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ دریائے ستلج میں گزشتہ 10 روز سے مسلسل اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے۔

گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ کیوسک سے زائد ہے، اور دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر بہاؤ 2 لاکھ 10 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریاؤں کے قریب رہائشی علاقوں سے پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ دریاؤں کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔