مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی انتقال کر گئے، سیاسی و ادبی حلقوں میں سوگ کی فضا
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی طویل علالت کے بعد اسلام آباد کے نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ دو ہفتوں سے زیرِ علاج تھے۔
عرفان صدیقی کا شمار سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ وہ نہ صرف نواز شریف کے معاونِ خصوصی رہے بلکہ ایک ممتاز صحافی، ادیب اور شاعر کے طور پر بھی پہچانے جاتے تھے۔ پنجاب سے سینیٹ کی جنرل نشست پر منتخب ہونے والے عرفان صدیقی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے رکن بھی تھے۔
ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا۔ وہ سابق صدرِ مملکت محمد رفیق تارڑ کے پریس سیکریٹری بھی رہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ "اپنے انتہائی مخلص، بااعتماد اور وفاشعار بھائی عرفان صدیقی کی وفات بڑا دکھ ہے" اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
عرفان صدیقی کی وفات سے ملک ایک باوقار سیاسی، ادبی اور فکری شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔