لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فلپائن کے سفیر ڈاکٹر کی ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور سیاسی و پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں فلپائن اور پنجاب کے درمیان اشتراک کار مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے فلپائن کو 2026 کی آسیان چیئرمین شپ کے لیے مبارکباد دی اور فلپائنی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون اور سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور فلپائن کے درمیان دوستی 76 برسوں پر محیط ایک مضبوط اور باوقار رشتہ ہے۔ انہوں نے فلپائن میں حالیہ زلزلوں اور طوفان سے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں فلپائن کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی نے پاکستان اور فلپائن دونوں کو یکساں طور پر متاثر کیا ہے اور لاس اینڈ ڈیمج فنڈ کی تشکیل میں دونوں ممالک کا کردار قابل فخر ہے۔