لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں آپریشن غضب للحق میں کامیابی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور اس کی قیادت پر فخر ہے، ملک کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے لیکن اللہ تعالیٰ کامیابی سے نواز رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران جنگ کے بعد پنجاب میں امن و امان کو کنٹرول کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی، جبکہ لاہور پولیس نے مظاہروں کے دوران صورتحال کو بخوبی سنبھالا۔
وزیراعلیٰ نے کچہ آپریشن میں کامیابی پر پاک فوج اور سندھ پولیس کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ساڑھے تین ماہ سے کچہ میں اغوا برائے تاوان کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ کچہ میں 1500 اہلکار تعینات کیے جائیں گے اور بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔ بے زمین کسانوں کو زرعی اراضی دینے کے لیے "اپنا کھیت اپنا روزگار" منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ سماج دشمن عناصر کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ ضروری ہے، انہیں کھلا نہیں چھوڑا جا سکتا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار 74 ہزار امام مساجد کے لیے باعزت ماہانہ اعزازیہ مقرر کیا گیا ہے۔