کراچی کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے سالانہ اجلاس میں ممتاز صحافی کاظم خان ایک بار پھر بلامقابلہ صدر منتخب ہو گئے۔ اجلاس میں ایاز خان سینئر نائب صدر، غلام نبی چانڈیو سیکریٹری جنرل، تنویر شوکت ڈپٹی سیکریٹری جنرل، عارف بلوچ فنانس سیکریٹری اور منزہ سہام انفارمیشن سیکریٹری سمیت دیگر عہدیداران بھی منتخب ہوئے۔
اجلاس میں پرنٹ میڈیا کے مستقبل، ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرات اور میڈیا انڈسٹری کو درپیش معاشی مشکلات پر خصوصی توجہ دی گئی۔ نومنتخب صدر کاظم خان نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "2026 کو آزادی صحافت کے تحفظ اور مزاحمت کے سال کے طور پر منائیں گے۔" انہوں نے فیک نیوز، جعلی اخبارات اور اداروں کے پے رول پر بیانیہ بنانے والوں کے خلاف مزاحمت کا اعلان کیا۔
شرکائے اجلاس نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ ڈیجیٹل میڈیا تیزی سے فروغ پا رہا ہے، تاہم پرنٹ میڈیا اپنی حیثیت ایک مستند اور دستاویزی ذریعے کے طور پر برقرار رکھے گا۔ اجلاس میں سرکاری اشتہارات کی کمی اور علاقائی اخبارات کو درپیش مالی مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ سبسڈی فراہم کی جائے، اشتہارات کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے اور علاقائی اخبارات کے لیے مخصوص کوٹہ بحال کیا جائے۔
اجلاس میں مرحوم عامر محمود کی یاد میں خصوصی تعزیتی سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر نومنتخب صدر کاظم خان اور سیکریٹری جنرل غلام نبی چانڈیو نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔