کراچی تعلیم کے ذریعے روشن مستقبل کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے حبیب یونیورسٹی کےسالانہ تقسیم اسناد کی پروقار تقریب میں 276 فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔نجی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں تعلیمی، سماجی اور معاشی شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی اور نوجوان گریجویٹس کو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنے کا پیغام دیا۔تقریب میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر فارغ التحصیل طلبہ کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے انہیں معاشرے اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی تلقین کی گئی۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ جدید تعلیمی نظام ہی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ معیاری تعلیم نہ صرف معاشی ترقی کا ذریعہ بنتی ہے بلکہ معاشرتی اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوان ملک کے روشن مستقبل کی امید ہیں اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو قومی خدمت کے لیے بروئے کار لانا چاہیے۔
صدر حبیب یونیورسٹی واصف رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے حکومت، تعلیمی اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 2 کروڑ 51 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں، جو مجموعی آبادی کا 35 فیصد بنتے ہیں۔ انہوں نے اس صورتحال کو قومی چیلنج قرار دیتے ہوئے تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے اپنے خطاب میں تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام میں سب سے پہلا حکم "اقراء" یعنی پڑھنے کا دیا گیا، جو علم کی عظمت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن نہ صرف طلبہ بلکہ ان کے والدین اور اساتذہ کی محنت کا بھی ثمر ہے۔انہوں نے کہا کہ حبیب یونیورسٹی ایک خواب کی تعبیر ہے، جسے حقیقت کا روپ دینے میں مرحوم محمد علی حبیب اور دیگر بانی شخصیات کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ گورنر سندھ نے گریجویٹس کو نصیحت کی کہ وہ جہاں بھی جائیں اپنی جامعہ، والدین اور وطن کا نام روشن کریں اور اپنی قومی ذمہ داریوں کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کو ایسے باصلاحیت اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ضرورت ہے جو معاشرے میں امن، مساوات اور ترقی کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا حل نوجوان نسل کے پاس ہے اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ایک عظیم وژن کے تحت پاکستان حاصل کیا تھا اور اب اس ملک کی تعمیر و ترقی کی ذمہ داری نوجوان نسل کے کندھوں پر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حبیب یونیورسٹی کے گریجویٹس مستقبل میں مختلف قومی اور بین الاقوامی اداروں میں نمایاں خدمات انجام دے کر ملک کا نام روشن کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں اعزازات بھی تقسیم کیے گئے جبکہ شرکاء نے فارغ التحصیل طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ کانووکیشن کی تقریب خوشی، فخر اور امید کے جذبات کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔