کراچی کالعدم ٹی ٹی پی کا مبینہ سہولت کار طاہر گرفتار، ترجمان سی ٹی ڈی

سدرہ عارف سدرہ عارف

کراچی کالعدم ٹی ٹی پی کا مبینہ سہولت کار طاہر گرفتار، ترجمان سی ٹی ڈی


کراچی میں سی ٹی ڈی سندھ اور وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے مبینہ سہولت کار کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم ڈرون ٹیکنالوجی اور دھماکا خیز مواد کی فراہمی سے متعلق سپلائی چین کا اہم کردار تھا۔


ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت طاہر کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ اس کا بھائی طلال عرف زید بلوچ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا فعال رکن ہے۔ ترجمان کے مطابق طلال عرف زید بلوچ افغانستان میں مقیم ہے اور سی ٹی ڈی سندھ کی ریڈ بک میں بھی شامل ہے۔تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم کراچی کے مختلف بازاروں اور آن لائن پلیٹ فارمز سے ڈرونز میں استعمال ہونے والا سامان حاصل کرتا تھا۔ ملزم نے دورانِ تفتیش ڈرون موٹرز، بیٹریاں، پروپیلرز اور مائیکرو کنٹرولر بورڈز خریدنے کا اعتراف بھی کیا۔سی ٹی ڈی کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم آئی ای ڈیز، خودکش جیکٹس اور ڈرون حملوں میں استعمال ہونے والے سامان کی فراہمی میں ملوث تھا اور کالعدم تنظیم کے لیے کام کرنے والے ایک اہم سپلائی نیٹ ورک کا حصہ تھا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے دو کلو گرام بارودی مواد، ایک ڈرون اور ایک ریموٹ کنٹرول بھی برآمد کیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔