اسلام آباد — جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم پاکستان کے تاریخی دورے پر آج 27 جولائی سے 8 اگست تک موجود رہے گی۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان چار بین الاقوامی میچز اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ جنوبی کوریا کی ٹیم کا دورہ پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کی بحالی کو نئی تقویت دے گا اور وزیراعظم پاکستان کے کھیلوں کے فروغ کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے اس دورے کو قومی کھیل کی بحالی کی جانب ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ یہ پاکستان کے پرامن اور محفوظ تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرے گا۔
وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی نے کہا کہ جنوبی کوریا کی ٹیم کا دورہ پاکستان کی اسپورٹس سفارت کاری اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ حکومت پاکستان کی جانب سے مہمان ٹیم کو اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی، پروٹوکول اور انتظامی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔