کراچی: نکاسیٔ آب کے کاموں کی تفصیلات وزیراعلیٰ سندھ کو پیش
کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد نکاسیٔ آب کے جاری اور مکمل شدہ کاموں کی تفصیلی رپورٹ کمشنر کراچی حسن نقوی نے وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کردی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کی نگرانی اور ضلعی بلدیاتی اداروں کے تعاون سے نکاسی کا عمل جاری ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع جنوبی کے اہم علاقوں بشمول ایم اے جناح روڈ، برنس روڈ، اردو بازار، زیب النساء روڈ، ایمپریس مارکیٹ اور دیگر مقامات پر نکاسی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ ضلع کورنگی کی تمام سڑکوں پر بھی نکاسی مکمل ہوچکی ہے، جبکہ مہران کالونی اور اللہ والا ٹاؤن کے نشیبی علاقوں میں کام جاری ہے۔ضلع ملیر میں گیارہ سے زائد سڑکوں پر نکاسی مکمل کی گئی ہے، جن میں ائیرپورٹ، قائدآباد، گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن اور مہران ہائی وے شامل ہیں۔ پریم ولاز، صفوران، جٹ پاڑا اور ابراہیم حیدری میں نکاسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے پمپس کے ذریعے اندرونی سڑکوں پر نکاسی کا کام جاری ہے۔ ضلع شرقی میں صفورا، گلشن اقبال، سوک سینٹر اور چنیسر میں نکاسی مکمل ہوچکی ہے۔ ضلع غربی میں مومن آباد، یو سی نو، منگھو پیر اور مری روڈ پر کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ ضلع وسطی کے علاقوں نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، لیاقت آباد، نیو کراچی اور ناظم آباد میں بھی نکاسی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں اور اندرونی سڑکوں پر ترجیحی بنیادوں پر نکاسی کا عمل جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ کمشنر کراچی نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی بلدیات کے تعاون سے نکاسی کا عمل جلد مکمل کرلیا جائے گا۔