پنجاب میں سیلاب متاثرین کی ریسکیو اور بحالی جاری، 13 لاکھ افراد محفوظ مقامات پر منتقل
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیلابی ریلوں میں پھنسے افراد کو ریسکیو کیا جا رہا ہے، جبکہ حکومت پنجاب نے متاثرین کے لیے ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں۔ کیمپوں میں خوراک، طبی سہولیات اور جانوروں کے لیے چارے کا بندوبست موجود ہے۔
اب تک 13 لاکھ افراد اور 8 لاکھ سے زائد مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔ وزیر کا کہنا ہے کہ کئی متاثرین اپنے گھر اور مال مویشی چھوڑنے کو تیار نہیں تھے، جبکہ ریسکیو کیے گئے بچوں کے پاس بنیادی اشیاء جیسے جوتے بھی موجود نہیں تھے۔
مریم اورنگزیب نے موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ڈیمز کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ سیلابی پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے مؤثر منصوبہ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے متاثرین کی بحالی اور سہولیات کی فراہمی کی ہدایت جاری کی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ متاثرین کو ایسی جگہ منتقل کیا جائے جہاں مستقبل میں سیلاب کا خطرہ نہ ہو۔ بحالی کا مرحلہ طویل ہوگا، لیکن حکومت مکمل تعاون کے لیے پرعزم ہے۔