اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے موقع پر ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ترجمان کے مطابق ریڈزون اور توسیعی ریڈزون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہیں گے۔ کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے بھی بند رہے گا جبکہ سری نگر ہائی وے پر مختلف اوقات میں ٹریفک روکنے کا امکان ہے۔
ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں کسی بھی شاہراہ سے آنے والی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا اور مالکان سے گزارش کی گئی ہے کہ ان دنوں اسلام آباد کا سفر نہ کریں۔ شہریوں کو متبادل ٹریفک پلان پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق سیکٹر جی 7، جی 6، جی 5 اور ایف 6، ایف 5 کے رہائشی راولپنڈی آنے جانے کے لیے مارگلہ روڈ اور نائنتھ ایونیو استعمال کریں۔ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو نائنتھ ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ شہری سری نگر ہائی وے سے نائنتھ ایونیو استعمال کرتے ہوئے کورال جا سکتے ہیں۔
پارک روڈ سے کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں ٹریفک کو ترامڑی چوک کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ بھارہ کہو سے راولپنڈی آنے جانے والے شہری کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ استعمال کریں۔ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہری کرنل شیرخان روڈ اور فقیر ایپی روڈ استعمال کریں۔
جی ٹی روڈ پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک کو ٹیکسلا سے موٹروے استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ لاہور سے پشاور جانے والے شہری جی ٹی روڈ روات سے براستہ موٹروے ٹیکسلا سفر کریں۔