کراچی میں بھی عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی کے اجرا اور وصولی کا عمل جاری رہا۔ایم کیوایم کے مصطفٰی کمال نے این اے دو سو بیالیس، کیماڑی کے لئے نامزدگی فارم جمع کرایا۔ن لیگ کیماڑی کے صدر نے اسی حلقہ سے پارٹی کے مرکزی صدر شہباز شریف کے لئے کاغذات نامزدگی حاصل کئے۔ شہر میں قومی اسمبلی کی بائیس اور صوبائی اسمبلی کی سینتالیس نشستوں پر جمعہ کی شام تک کاغذات وصول اور جمع کراجاسکتے ہیں۔
کراچی میں بھی عام انتخابات کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگیا۔پہلے روز ساتوں اضلاع کے ڈی آر اوز نے صبح ساڑھے آٹھ بجے سے شام ساڑھے چار بجے تک کاغذات نامزدگی جاری اور وصول کیے۔ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے مصطفی کمال نے ضلع کیماڑی کے حلقہ این اے دو سو بیالیس اور ہمایوں عثمان نے این اے دوسو تینتالیس سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔مصطفی کمال کا کہنا تھا ایم کیو ایم تمام زبانیں بولنے والوں کی پارٹی ہے۔ کنوینر خالد مقبول صدیقی جو فیصلہ کریں گے، ٹکٹ اس کو ملے گا۔ پیپلزپارٹی نے پندرہ سالہ حکومت میں کچھ نہیں کیا۔ حلقہ این اے دو سو بیالیس سے ہی مسلم لیگ ن ضلع کیماڑی کے صدر صالحین تنولی نے ن لیگی صدر شہباز شریف کے لئے ریٹرننگ افسر سے نامزدگی فارم حاصل کئے۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا انیس سو نوے میں بھی اس حلقہ سے ہم جیتے تھے۔ نواز شریف کی ہدایت پر شہباز شریف اس حلقے سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ وہ کاغذات نامزدگی لے کر خود لاہور جارہے ہیں۔بذات خود یہ فارم بھروا کر جمع کراؤں گا۔ الزام لگایا کہ گزشتہ الیکشن میں دھاندلی کے سبب تحریک انصاف کے امیدوار فیصل وواڈ کو یہ سیٹ مل گئی تھی۔ کراچی میں قومی و صوبائی اسمبلی کےا نہتر حلقوں پر کاغذات نامزدگی جمعہ کی شام تک وصول اور جمع کرائے جاسکیں گے۔ سندھ بھر میں مجموعی طور پر قومی اسمبلی کے اکسٹھ اور صوبائی اسمبلی کے ایک سو تیس حلقوں پر کاغذات جمع کیے جارہے ہیں۔