منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون ہوگا۔اسکولوں میں منشیات بیچنے والوں سے متعلق قانون سازی کی جائے گی

نزاہت خان نزاہت خان

منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون ہوگا۔اسکولوں میں منشیات بیچنے  والوں سے متعلق  قانون سازی کی جائے گی


سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے  منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون ہوگا۔اسکولوں میں منشیات بیچنے  والوں سے متعلق  قانون سازی کی جائے گی۔

غیرقانونی تارکین وطن کا ڈیٹا جمع کیاجارہا ہے۔ انہیں واپس بھیجا جائے گا۔ کراچی میں اسٹریٹ کرائم  کے خلاف سب ایک پیج پر ہیں ۔ ہتھیاروں کی نمائش کرنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن ہوگا۔

 ایپکس کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سینئر وزیر شرجیل میمن نے بتایا  وفاقی اور صوبائی حکومت نے منشیات کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کیا ہے۔۔

جوائنٹ ٹیمیں بنیں گی اور  مشترکہ   چیک پوسٹیں بنائی جائیں گی۔ اسکولوں میں منشیات بیچنے   والوں سے متعلق  قانون سازی ہوگی۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا  غیرقانونی  تارکین وطن مختلف جگہوں پر  پناہ لیتے ہیں۔ ایسے مقامات کی نگرانی کا فیصلہ ہوا ہے۔ غیرقانونی تارکین وطن کا ڈیٹا جمع کیا جارہا ہے۔ انہیں  واپس اپنے ملکوں میں بھیجا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا  کچے کے علاقے میں سخت ایکشن جاری   ہے۔کافی مغویوں کو  بازیاب  کرایا گیا ہے ۔ صدر مملکت ہدایت دے چکے ہیں  ڈاکووں کے سہولت کاروں سے کوئی نرمی نہ برتی جائے۔

شرجیل میمن نے بتایا   وہ مانتے ہیں سب اچھا نہیں ، لیکن  کراچی میں  اسٹریٹ کرائم  کے خلاف سب ایک پیج پر ہیں۔اسٹریٹ کرائم   پر کنٹرول کے لئے   پولیس اور رینجرز کارروائیاں کر رہے ہیں۔

کراچی  پولیس آفس پر  حملے کا ایک ملزم  مدرسے کا معلم تھا۔  یہ  بات تشویشناک ہے۔ صوبائی وزیر نے بتایا  بڑی بڑی گاڑیوں میں اسلحے کی نمائش کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کیا  ہے۔ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔