وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں نئی اسکیمیں شروع کریں گے۔ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے منصوبے بھی اس میں شامل ہیں۔
کابینہ ارکان کے ساتھ بجٹ تجاویز پر اجلاس میں وزیر اعلی سندھ نے کہا رواں مالی سال میں کوئی نئی اسکیم نہیں شامل تھی۔ نئے سال میں چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر نئی اسکیمیں شامل کررہے ہیں۔تمام محکموں ، اُن کےذیلی اداروں اور اضلاع سے نئی اسکیمیں آچکی ہیں۔وزیراعلی کا کہنا تھا سیلاب متاثرین کی بحالی، اسکولوں اور اسپتالوں کی مرمت جاری رہے گی۔غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کو نئے بجٹ میں اہمیت دیں گے۔اسپتالوں کے آلات اور اُن کی مزید بہتری کے لیے بجٹ رکھا جائے گا۔ کابینہ ارکان نے غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی،لوکل گورنمنٹ اور سولر سسٹم کو مستحکم کرنے اور سالڈ ویسٹ مینجمٹ کو مزید اضلاع تک وسعت دینے کی تجاویز بھی دیں۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا وفاقی حکومت کتنے فنڈز دینے کا عندیہ دیتی ہے اور صوبائی ریونیو کے ہدف کے مطابق نئے بجٹ کو فائنل کریں گے۔عید کے بعد مزید اجلاس کرکے بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دیں گے۔