اسلام آباد سفارتی میراتھن کا ڈراپ سین: ایران سے کوئی معاہدہ نہ ہو سکا، جے ڈی وینس 'بہترین آفر' دے کر روانہ، پاکستان کے کلیدی کردار کا اعتراف
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے وفاقی دارالحکومت میں 21 گھنٹے طویل اعصاب شکن مذاکرات کے بعد میڈیا بریفنگ میں واضح کیا ہے کہ ایران کے ساتھ تاحال کسی حتمی معاہدے پر نہیں پہنچا جا سکا، تاہم اہم تصفیہ طلب معاملات اور امریکی شرائط پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ نائب صدر نے زور دیا کہ واشنگٹن کو اس بات کی ٹھوس یقین دہانی درکار ہے کہ تہران اپنے جوہری پروگرام پر دوبارہ کام نہیں کرے گا، جبکہ انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کی جانب سے اختلافات ختم کرانے اور دونوں ممالک کے درمیان فاصلے کم کرنے کی مخلصانہ کوششوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ڈیل کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی ہے اور اب وہ ایران کو ایک 'بہترین پیشکش' دے کر واپس جا رہے ہیں، جس پر تہران کے جواب کا انتظار کیا جائے گا۔