کراچی، پاکستان
نیشنل فورم فار انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ (NFEH) کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ ماحولیات 2026 کے موقع پر Inspired by Nature: For Climate, For Our Future کے عنوان سے ایک جامع سیمینار منعقد کیا گیا، سیمینار میں ماہرین ماحولیات، پالیسی سازوں، کاروباری افراد، ماہرین تعلیم ، صحافیوں سول سوسائیٹیز کے نمائندوں اور نوجوانوں نے شرکت کی ۔
سیمینار میں پاکستان کو درپیش ماحولیاتی مسائل اور پائیدار حل کے لیے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی آلودگی، جنگلات کی کٹائی، ماحولیاتی فضلہ جات کے انتظام اور پائیدار شہری ترقی جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ماحولیات کا تحفظ صرف حکومتوں کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس کے لیے کاروباری اداروں، تعلیمی و سماجی تنظیموں، مقامی کمیونٹیز اور ہر فرد کا فعال کردار ضروری ہے۔
سیمینارکا اہم حصہ گرین میڈیا انیشی ایٹوز (GMI) کی جانب سے اس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شبینہ فراز کی نگرانی میں نئے ڈیجیٹل ماحولیاتی میگزین "پلینٹ وائس" کا باقاعدہ اجراء تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس میگزین کا مقصد ڈیجیٹل میڈیا اور مؤثر کہانی نویسی کے ذریعے ماحولیاتی شعور، موسمیاتی صحافت، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے بیانیے کو فروغ دینا ہے۔
افتتاحی خطاب میں نعیم قریشی، صدر نیشنل فورم فار انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ (NFEH)، نے 1999 سے تنظیم کے ماحولیاتی سفر کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش دیرینہ ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے سرکاری اداروں، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کے درمیان مؤثر اشتراک ناگزیر ہے۔
پاکستان میں ماحولیاتی آگاہی اور موسمیاتی ابلاغ کو مضبوط بنانے کی ایک اہم پیش رفت کے طور پر گرین میڈیا انیشی ایٹوز (GMI) نے عالمی یومِ ماحولیات 2026 کے موقع پر اپنے ڈیجیٹل ماحولیاتی میگزین "پلینٹ وائس" کا باضابطہ آغاز کیا۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر شبینہ فراز کی نگرانی میں شروع کیے گئے اس پلیٹ فارم کا مقصد ماحولیاتی صحافت، موسمیاتی کہانی نویسی، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، پائیدار ترقی اور کمیونٹی کی سطح پر ماحولیاتی اقدامات کو اجاگر کرنے کے لیے ایک مؤثر اور جامع پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شبینہ فراز نے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے اور موسمیاتی تبدیلی و پائیداری کے موضوعات پر عوامی شعور بیدار کرنے میں میڈیا کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔انہوں نے کہا "ماحولیاتی مسائل ہماری زندگی کے ہر پہلو کو متاثر کرتے ہیں، لیکن ان سے جڑی بے شمار اہم کہانیاں منظرِ عام پر نہیں آ پاتیں۔ 'پلینٹ وائس' کے ذریعے ہم مقامی کمیونٹیز، محققین، ماحولیاتی ماہرین اور نوجوان موسمیاتی کارکنوں کی آواز کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنا چاہتے ہیں، جبکہ ایسے حل پر مبنی صحافتی مواد کو فروغ دیں گے جو مثبت تبدیلی اور عملی اقدامات کی ترغیب دے۔"
میگزین میں تحقیقی رپورٹس، خصوصی فیچر اسٹوریز، ماہرین کی آراء، انٹرویوز، دستاویزی فلمیں، فوٹو فیچرز، کمیونٹی اقدامات اور تعلیمی مواد شامل ہوگا، جو موسمیاتی تبدیلی، حیاتیاتی تنوع، آبی وسائل کے تحفظ، قابلِ تجدید توانائی، آلودگی، پائیدار شہروں اور ماحولیاتی بحالی جیسے موضوعات کا احاطہ کرے گا۔
"پلینٹ وائس" کا اجراء گرین میڈیا انیشی ایٹوز کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا کو ماحولیاتی تعلیم، آگاہی، وکالت اور عوامی شمولیت کے مؤثر ذریعہ کے طور پر استعمال کیا جائے۔ یہ پلیٹ فارم سائنسی معلومات، پالیسی مباحث اور کمیونٹی کے تجربات کے درمیان موجود فاصلے کو کم کرتے ہوئے ماحولیاتی معلومات کو وسیع تر عوام تک پہنچانے کی کوشش کرے گا۔
تقریب میں شریک ماحولیاتی ماہرین نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خصوصی ماحولیاتی صحافت کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب ملک شدید گرمی کی لہروں، سیلاب، پانی کی قلت، آلودگی اور حیاتیاتی تنوع میں کمی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔
عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ماہرِ ماحولیات اور قدرتی وسائل کے انتظام کے ماہر رفیع الحق نے کہا کہ قدرت کا تحفظ کوئی انتخاب نہیں بلکہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند ماحولیاتی نظام، صاف پانی، زرخیز زمین اور بھرپور حیاتیاتی تنوع پائیدار ترقی اور انسانی خوشحالی کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ قدرتی وسائل کے تحفظ، آلودگی میں کمی اور تباہ حال ماحولیاتی نظام کی بحالی کے لیے مشترکہ اقدامات کریں تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر اور محفوظ ماحول یقینی بنایا جا سکے۔ ان کے مطابق ہر مثبت قدم، چاہے وہ کتنا ہی چھوٹا کیوں نہ ہو، ایک صحت مند اور مضبوط سیارے کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ماحولیاتی تنظیموں، جامعات، محققین، صحافیوں اور نوجوانوں کے نیٹ ورکس کے ساتھ اشتراک کے ذریعے "پلینٹ وائس" پاکستان میں مستند ماحولیاتی معلومات کا ایک قابلِ اعتماد ذریعہ اور عملی ماحولیاتی اقدامات کے لیے ایک مؤثر محرک بننے کا عزم رکھتا ہے۔
جب دنیا پائیدار طرزِ زندگی اور ماحول دوست طرزِ فکر کے عالمی پیغام کے ساتھ عالمی یومِ ماحولیات منا رہی ہے، ایسے میں "پلینٹ وائس" کا اجراء ماحولیاتی آگاہی، ذمہ دار شہریت اور موسمیاتی لچک پذیری کے فروغ کی جانب ایک نئے باب کا آغاز ہے۔