کراچی اسکول کی پچاس کلاسوں کے پینسٹھ پنکھے،فرنچیر،لیب کاسامان چند ماہ میں چوری


کراچی اسکول کی پچاس کلاسوں کے پینسٹھ پنکھے،فرنچیر،لیب کاسامان چند ماہ  میں چوری

کراچی،عرفان علی

کراچی کے علاقے سعود آباد کا بہترین سیکنڈری اسکول کہلانے والا گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول کھنڈرکی شکل میں تبدیل ہورہاہے ۔ اسکول کی پچاس کلاسوں کے پینسٹھ پنکھے،فرنچیر،لیب کاسامان چند ماہ  میں چوری ہوگیا ۔ نامعلوم چوروں کی جانب سے اسکول کی عمارت  کونقصان پہنچا کر سریا ، گرل چوری کرنےکا عمل بھی جاری ہے ۔ اسکول انتظامیہ نے چوری کا مقدمہ اور درخواست بھی متعلقہ تھانے میں دے رکھی ہے

یہ ایک سرکاری اسکول کی عمارت ہے جہاں پر بد قسمتی سے علم کی شمعیں تو روشن  نہ ہوسکیں البتہ رات کی تاریکی میں یا پھر دن کے اجالے میں اسکول کی پچاس کلاسوں کے پینسٹھ پنکھے چوری کرلیے گئے،فرنیچر اور لیب کے سامان کا بھی صفایا کیا گیا۔

گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول  سے نامعلوم افراد پہلے تو اسکول کا سارا سامان چوری کرکے لے گئے بعد میں عمارت کے کچھ حصوں کی توڑ پھوڑ کرکے عمارت سے سریا چورے کرنے کا بھی انکشاف ہواہے۔

اسکول انتظامیہ کی جانب سے 2019 میں تھانہ سعودآباد میں مقدمہ بھی درج کرایا جا چکاہےاور  چند روز قبل بھی اسکول میں چوری کےحوالے سے ایک درخواست بھی تھانے میں جمع کرائی گئی ہے لیکن تاحال کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہ آسکی ہے۔اسکول انتظامیہ علاقے میں موجود منشیات کے عادی افراد پر شبہ ظاہر کرتے ہیں۔

سعودآباد کے اس سرکاری اسکول کا شمار علاقے کے بہترین تعلیمی اداروں میں کیا جاتارہاہے اسکول میں بارہ سو قریب طالبات زیر تعلیم ہیں جنہیں اب بغیر پنکھوں اور بغیرسہولیات کے تعلیم دی جاری ہے۔بچے کہتے ہیں ہمیں وہی اسکول چاہیےجس میں سب سہولیات میسر تھیں۔

اسکول کی عمارت میں تاحال چوری کا سلسلہ نہ تھم سکا ہے آئے روزاسکول کی کوئی نہ کوئی چیز غائب ہوجاتی ہے۔انتظامیہ کا کہناہے کہ اگر حکام بالا نے اس طرف اپنی توجہ مبذول نہیں کی تو مستقبل میں  بچے اسی اسکول میں بغیر چھت کے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہونگے