ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوائی جہاز کی بذریعہ سڑک منتقلی

عرفان علی عرفان علی

 ملکی تاریخ میں پہلی بار  ہوائی جہاز کی بذریعہ سڑک منتقلی


ملکی تاریخ میں پہلی بار  ہوائی جہاز کی بذریعہ سڑک منتقلی۔ کراچی میں ایم نائن موٹروے پر  ٹریلر پر لدا چالیس ٹن وزنی جہاز دیکھ کر شہری حیران رہ گئے۔جہاز کو تربیتی مقاصد کے تحت سول  ایوی ایشن انسٹیٹیوٹ حیدرآباد منتقل کیا جارہا ہے۔


یہ  تین سو  پچاس سیٹر بوئنگ سیون تھری سیون جہاز  کراچی ایئر پورٹ کے یارڈ میں ناکارہ کھڑا تھا۔  نجی ٹرانسپورٹ کمپنی  کے ذریعے اس  جہاز کو موٹر وے کے ذریعے حیدرآباد  منتقل کیا جارہا ہے۔ہوائی جہاز کےپر،انجن اور پہیے  الگ کردیئے گئے ہیں۔  اسے چوہتر  ویلر ٹریلر پر رکھ  کر منزل تک  پہنچایا جائے گا۔ جہاز کو  حیدرآباد میں  سول  ایوی ایشن انسٹیٹیوٹ  منتقل کیا جارہا ہے، جہاں اسے تربیتی مقاصد کے لئے استعمال کیا جائے گا۔   ٹریلر پر لدے جہاز کو  کراچی ٹول پلازہ کے قریب پارک کردیا گیا ہے۔ موٹر وے پولیس کا کہنا ہے دس ویلر ٹرک سے ایکسل لوڈ کا قانون نافذ العمل ہوتا ہے۔ہیوی ٹریفک کے ذریعے بھاری سامان کی منتقلی کے لیے این او سی درکار ہوتی ہے، جو جہاز کی منتقلی کے لئے نہیں لی گئی۔ نجی گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے جہاز منتقلی کی پیشگی اطلاع بھی  نہیں دی گئی تھی۔ موٹروے پولیس کے مطابق متعلقہ کمپنی کے ذمہ داروں سےاس  معاملے پر بات چیت کی جارہی ہے۔ کمپنی انتظامیہ کی جانب سے این او سی اور چالان جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی جارہی ہے۔