چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کی وزیر برائے محکمہ صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو سے ملاقات

صبانور صبانور

 چیئرپرسن  بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کی وزیر برائے محکمہ صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو سے ملاقات


کراچی


بی آئی ایس پی مستحقین اور انکے بچوں کی نشوونما،  برتھ رجسٹریشن اور دوطرفہ ڈیٹا کے اشتراک سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال*

*صوبہ سندھ میں بینظیر نشوونما کی مستحقین کیلئے 140 سہولتی مراکز اور 39 موبائل ٹیمز موجود* 

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد  نے آج  وزیربرائے محکمہ صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو سے کراچی میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بی آئی ایس پی  بینیفشریز کو بینظیر نشوونما اور سندھ حکومت کے صحت کے اقدامات  کے ذریعے بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے باہمی تعاون پر بتادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں، حاملہ، دودھ پلانے والی ماؤں اور انکے بچوں کی نشوونما، غذائی قلت کے باعث جنم لینے والی بیماریوں، حفاظتی  ٹیکوں، آبادی میں اضافے سمیت دیگر امور جیسے یونین کونسل کی سطح پر متحرک سرگرمیوں کے انعقاد پربھی بات کی گئی۔

ملاقات میں بتایا گیا کہ صوبہ سندھ میں بینطیر نشوونما سے مستفید ہونے والی مستحقین کو خدمات فراہم کرنے کیلئے 140 سہولتی مراکز اور 39 موبائل ٹیمز موجود ہیں۔ مزید برآں، بی آئی ایس پی ڈائنامک رجسٹری سینٹرز پر نادرا سٹاف کی موجودگی پر زور دیا گیا تاکہ مستحق خاندان بی آئی ایس پی میں رجسٹریشن کے دوران اپنے بچوں کی برتھ رجسٹریشن کا کام بھی کرواسکیں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور محکمہ صحت و بہبود آبادی کے مابین دو طرفہ ڈیٹا کے اشتراک پر بھی باہمی رضامندی کا اظہار کیا گیا۔   


 ملاقات میں بی آئی ایس پی، محکمہ صحت و بہبود آبادی اور نادرا حکام کے مابین مشترکہ اجلاس  کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا گیا جس میں بی آئی ایس پی اور محکمہ صحت و بہبود آبادی کے مستحق افراد کی رجسٹریشن کے عمل  میں آسانی پیدا کرنے کیلئے موثر حکمت عملی تشکیل دی جائیگی۔